ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بابری مسجد کی تعمیرکا سرکاری وعدہ پورا کیا جائے: ایس ڈی پی آئی کا 6 دسمبرکو دہلی میں ریلی کا اعلان

بابری مسجد کی تعمیرکا سرکاری وعدہ پورا کیا جائے: ایس ڈی پی آئی کا 6 دسمبرکو دہلی میں ریلی کا اعلان

Tue, 27 Nov 2018 11:06:21    S.O. News Service

نئی دہلی:27 نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  اجودھیا میں رام مندرکی آڑ میں امن میں خلل ڈالنے کی مبینہ کوششوں کی مذمت کرتے ہوئےسوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے آج حکومت ہند کو بابری مسجد کی اس کے اصل مقام پرتعمیرکے وعدے کی یاد دہانی کرائی اوراعلان کیا کہ ایس ڈی پی آئی سرکاری وعدے کے مطابق بابری مسجد کی تعمیرکا مطالبہ کرنے کے لئے 6 دسمبرکو دہلی میں بڑے پیمانے پرریلی کرے گی جس میں درج فہرست ذات و قبائل کی نمائندگی کے ساتھ بڑی تعداد میں سول سوسائٹی کی تنظیمیں حصہ لیں گی۔

پارٹی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس ریلی کا عنوان بابری مسجد اورآئین کی بحالی ہوگا۔ جس میں کثرت میں وحدت کا مظاہرہ کیا جائے گا اورقوم کو آگاہ کیا جائے گا کہ اجودھیا کے بعد ملک کا آئین زد میں آسکتا ہے۔

ایس ڈی پی آئی کے ذمہ داران نے جن میں پارٹی کے صدرآر پی پانڈیا اورکنوینرڈاکٹرنظام الدین خان بھی شامل تھے، کہا کہ یہ وقت انتہائی بیداری کا ہے کیونکہ حکمراں ٹولہ بشمول بی جے پی کے پاس اقتدارمیں دوبارہ واپسی کا کوئی جوازنہیں رہ گیا، اس لئے وہ ساڑھے چار سال تک خاموش رہنے کے بعد اچانک سے رام مندرکی تحریک سڑکوں پرلے آئی ہے۔

پارٹی نے کہا کہ ملک کے صرف 8 فیصد لوگوں نے قوم کوگمراہ کررکھا ہے۔ حالانکہ انہیں جاننا چاہئے کہ طاقت کے بل پرصرف تخریب کاری کی جا سکتی ہے کوئی تعمیری قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔

ایس ڈی پی آئی کے جنرل سکریٹری عبد المجید نے بابری مسجد کے انہدام کے لئے  6 دسمبر کے انتخاب کو بھی منفی سوچ کا نتیجہ قراردیا اوربتایا کہ اسی دن باباصاحب بھیم راوامبیڈکر کا انتقال ہوا تھا۔ گویا یہ منڈل سفارشات کے خلاف بھی ایک انتقامی قدم تھا۔ ڈاکٹر تسلیم رحمانی نے بہر حال اجودھیا میں امن و مان میں خلل ڈالنے کی ’’ہندتو گروپوں‘‘ کی کوشش کی ناکامی کواطمینان بخش قراردیا۔


Share: